جہلم: شاندار چوک سمیت اہم مقامات پر تجاوزات کی بھر مار چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ،انکر و چمنٹ عملہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم اور انکروچمنٹ عملہ کی ملی بھگت سے جگہ جگہ پختہ اور عارضی تجاوزات کی بھر مار نے پیدل چلنے والے شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کر دیں۔ شہر کے اہم چوک چوراہوں میں میونسپل کمیٹی کی مالکیتی دکانوں، مارکیٹوں میں موجود دکانوں کے سامنے تجاوزات مافیا نے پختہ تعمیرات کر کے قبضے جما رکھے ہیں۔
شہریوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے نوٹس میں دیا ہے لیکن ایم سی کی انتظامیہ تجاوزات کو ختم کرانے کی بجائے چیف آفیسراور انکر و چمنٹ عملہ قبضہ مافیا کی مسلسل سر پرستی کرنے میں مصروف ہے۔
دوسری جانب شاندار چوک سے ریلوے روڈ، شاندار چوک سے تحصیل روڈ، سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، سمیت بازاروں میں دکانداروں نے روزانہ کی بنیاد پر عارضی تجاوزات قائم کر کے ٹریفک اورشہریوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کر رکھی ہیں جبکہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، شعبہ انکروچمنٹ کا عملہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے شہر کے چوک چوراہوں ، سڑکوں اور بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیاہے تاکہ شہر کی سڑکیں ، چوک چوراہے کشادہ ہو سکیں اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔