جہلم: موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی شہر کے لنڈا بازاروں میں رش بڑھنے لگا۔
گزشتہ روز بھی ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر لگائے جانے والے لنڈا بازاروں میں شہریوں کا بھر پوررش رہا، جہاں شہری مناسب قیمتوں پر گرم ملبوسات ، جوتے اور دیگر ضرورت کی اشیا کی خریداری کے لیے دکانداروں سے مول بھاؤ کرتے رہے ،جبکہ کئی شہری صرف ونڈو شاپنگ تک ہی محدود رہے، کئی شہری لنڈا بازاروں میں قیمتوں کے بے تحاشہ اضافے پر نالاں بھی دکھائی دیئے۔
گزشتہ روز اقبال لائبریری روڈ، سول لائن روڈ، تحصیل روڈ، میجر اکرم شہید روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر لنڈا بازاروں میں چھٹی کے روز شہریوں کا بھر پوررش رہا ، شہری سردی کی مناسبت سے گرم ملبوسات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کرتے دکھائی دیئے۔
تاہم شہریوں کی جانب سے لنڈا بازاروں میں مہنگائی کا رونا رویا جا تارہا اور سردی کے آغاز پر ہی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کا شکوہ کرتے دکھائی دیئے ، اس دوران قیمتوں کو لیکر شہریوں اور دکانداروں کے درمیان بحث و تکرار بھی جاری رہی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ابھی سردی کا آغازبھی نہیں ہوا اور یہاں پر حال یہ ہے کہ پچھلے سال جو گرم کوٹ 700 سے 800 کامل رہا تھا اب 1500 سے زائد اس کی قیمت مانگ رہے ہیں جبکہ دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے اور جب سردی عروج پر ہوگی تو یہاں پر ان کو ہاتھ لگانا بھی مشکل ہوگا ،پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں ستائے ہوئے ہیں ایسے میں اب لنڈا بازاروں سے بھی خریداری کوئی آسان کام نہیں رہا ۔