صحافیوں کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، چوہدری اختر آرائیں، یونس شہباز، راجہ ندیم

پنڈدادنخان: نگران حکومت کا مخصوص میڈیا گروپ کے اشتہارات گزشتہ 41دن سے بند کرنا صحافیوں کا معاشی قتل ہے، اخبار کے اشتہارات کی بندش اور مہنگائی کے باعث کئی صحافیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، حکومت وقت فوری طور پر قومی اخبار کے اشتہارات بحال کرے صحافیوں کے ساتھ ناانصافی قبول نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار ڈویژنل یونین آف جرنلسٹس راولپنڈی ڈویژن کے سابق صدر یونس شہباز،تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صدر اختر آرائیں اور وائس چیئرمین راجہ ندیم جنجوعہ نے مشترکہ بیان میں کیا۔ یونس شہباز نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا مخصوص میڈیا گروپ کے اشتہارات بند کرنا صحافیوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا گروپ سے کثیر تعداد میں صحافیوں کا روزگار وابستہ ہے، مہنگائی کے اس دور میں کئی صحافیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، حکومت صحافیوں سے متعلق اقدامات پر نظر ثانی کرے، حکومت وقت کے اس عمل کے باعث ڈویژن بھر کے صحافیوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

چوہدری اختر آرائیں اور راجہ ندیم جنجوعہ نے کہا کہ حکومت وقت فوری طور پر قومی اخبار کے اشتہارات بحال کرے صحافیوں کے ساتھ ناانصافی قبول نہیں کریں گے حکومت وقت منصفانہ تقسیم کرے اور پاکستان کے بڑے اور معتبر میڈیا گروپ کے معاشی قتل کی سازش پر غور کرے ورنہ صحافی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ پنڈدادنخان کے عہدے داران و اراکین نے حکومت کی جانب سے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت مخصوص میڈیا گروپ کو انتقام کا نشانہ بنانے سے باز نہ آئی تو پر امن احتجاج کریں گے ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button