جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم کے ہمراہ تھانہ کالا گجراں کے علاقہ میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ہدایت جاری کی کہ عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی کے فول پروف اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مویشی منڈیوں میں مؤثر پیٹرولنگ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی اور مشتبہ افراد پر خصوصی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانور دن کی روشنی میں خریدنے کو ترجیح دیں کیونکہ رات کے وقت خریداری کے دوران دھوکہ دہی، چوری اور دیگر ناخوشگوار واقعات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ قریب آنے کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں میں شہریوں کا رش بڑھ رہا ہے، ایسے میں جہلم پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ شہری خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


