سوہاوہ کے علاقہ لہڑی میں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی پھندا لگی لاش برآمد، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں کالج سے واپسی پر لاپتہ ہونے والے حافظ طاہر نامی نوجوان کی پھندا لگی لاش جنگل سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حافظ طاہر کی لاش سوہاوہ کے علاقے لہڑی کے جنگل سے برآمد ہوئی، جس کے گلے میں پھندا لگا ہوا تھا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سوہاوہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس کے مطابق حافظ طاہر راولپنڈی میں نرسنگ کا طالب علم تھا اور اس کا تعلق سوہاوہ کے نواحی علاقے لہڑی کے گاؤں ڈب کس سے بتایا جا رہا ہے۔ نوجوان کے اچانک لاپتہ ہونے اور پھر اس طرح لاش ملنے پر اہلِ علاقہ اور لواحقین شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی، یہ قتل ہے یا خودکشی، اس کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


