جہلم شہر اور اس کے گردونواح میں تندوروں اور نانبائیوں نے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے من مانے نرخ مقرر کر لیے ہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔
سرکاری طور پر 100 گرام روٹی کا مقررہ نرخ 14 روپے ہونے کے باوجود تندور مالکان کھلے عام روٹی 20 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، جبکہ نان کی قیمت میں بھی خودساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے اس کھلی گراں فروشی پر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث شہری لالچی تندور مالکان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کہیں نظر نہیں آتے اور نہ ہی ان پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی میں غریب اور سفید پوش طبقہ پہلے ہی بجلی، گیس اور دیگر بنیادی اخراجات تلے دب چکا ہے، ایسے میں روٹی جیسی بنیادی خوراک کا مہنگا ہو جانا ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔ کئی گھرانوں کے لیے بچوں کو دو وقت کی روٹی فراہم کرنا بھی ایک کڑا امتحان بن گیا ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں، تمام تندوروں اور نانبائیوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کروائیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب روٹی جیسی بنیادی ضرورت بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو جائے تو یہ محض انتظامی ناکامی نہیں بلکہ ایک سنگین سماجی ناانصافی بن جاتی ہے، جس کا فوری ازالہ ناگزیر ہے۔


