دینہ پریس کلب کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین دینہ پریس کلب امجد محمود سیٹھی اور صدر سید توقیر آصف شاہ نے کی۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا دینہ میں قائم مختلف پریس کلبوں اور صحافتی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا تھا۔اجلاس میں حاجی اظہر، عرفان محبوب چوہدری، احمد ندیم، اقبال خان، سہیل انجم قریشی، رضوان سیٹھی، عادل چوہدری، ڈاکٹر ظہیر اور سعید احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین دینہ پریس کلب امجد محمود سیٹھی نے کہا کہ صحافی برادری کا اتحاد طاقت کی علامت ہے اور موجودہ حالات میں دینہ کی تمام صحافتی برادری کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد کے بغیر نہ صحافیوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور نہ ہی مثبت اور مؤثر صحافت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور علاقائی مسائل کے حل میں صحافیوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو ذاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کر اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
اجلاس میں عرفان محبوب چوہدری اور حاجی اظہر نے کہا کہ دینہ کے صحافیوں کے لیے ایک مستقل پریس کلب بلڈنگ اشد ضروری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے صحافیوں کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ظہیر احمد نے کہا کہ تحصیل دینہ کی پوری صحافتی برادری کو اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، جس کے لیے سینئر صحافی امجد محمود سیٹھی کی قیادت میں عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینہ پریس کلب ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی مثبت صحافت کو فروغ دے گا اور دینہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔


