جہلم میں جیولر کو قتل کرنے والا ملزم مبینہ سی سی ڈی مقابلے میں مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جیولر کو قتل کرکے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا لوٹنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واردات میں مبینہ طور پر ملوث ملزم حشمت ملوٹ پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سی سی ڈی کے مطابق ملوٹ پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ تعاقب کے دوران کچھ فاصلے پر ایک شخص کی خون میں لت پت لاش ملی، جس کے قریب زیورات اور ایک پستول بھی موجود تھا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ملزم حشمت کے نام سے ہوئی ہے، جو دو روز قبل جیولر کو قتل کرکے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا لوٹنے کے مقدمے میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔
سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری اور واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔


