جہلم: آر ٹی اے سیکرٹری کی خاموشی، ٹرانسپوٹرز نے جہلم سمیت بین الاضلاعی روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں کمی نہ کی ،ضلع بھر میں ٹرانسپوٹرز کی لوٹ مار جاری بااثر ٹرانسپوٹرز ،مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، موٹر وہیکل ایگزامینر کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔
جنرل بس اسٹینڈ جہلم میں موجود مسافروں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی سرپرستی کیوجہ سے ٹرانسپورٹروں نے من مرضی کے کرائے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاری اڈہ اور جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات کے لیے چلنے والی تقریباً تمام ٹرانسپورٹ خاص طور پر راولپنڈی، پنڈدادنخان، میرپور، سرائے عالمگیر، لاہور، منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع میں جانے والی ٹرانسپورٹ کے عملے اور اڈہ مینجرز نے مسافروں سے مقررہ کردہ کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے کئی گنا اضافی کرائے وصول کرنا شروع کررکھے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہائی ایس کی فرنٹ سیٹ پر2اور پیچھے 3 مسافروں والی سیٹ پر 4 مسافروں کو بھیڑ ،بکریوں کی طرح ٹھونس دیا جاتا ہے ، حتیٰ کہ گاڑیوں کا عملہ مسافروں سے بدتمیزی کے ساتھ ساتھ لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہائی ایسسز کے ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کے اندر پھٹے نصب کرکے وہاں پر بھی سواریاں بٹھانی شروع کر رکھی ہیں ، اس طرح فرنٹ سیٹ پر ایک سواری کی بجائے 2 سواریوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس دیا جاتا ہے ، اگر کوئی مسافر زائد کرائے یا اضافی مسافروں کے بٹھانے کے بارے سوال کرے تو ٹرانسپورٹرز گالی گلوچ ، لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور ایسے مسافروں کو ویران جگہ پر اتار دیاجاتا ہے۔
مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے کہ اندرون ضلع میں چلنے والی گاڑیوں کے مالکان کو کرائے نامے گاڑیوں کے اندر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے اور پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں کی وصولی کا ٹرانسپورٹروں کو پابند بنایاجائے۔
اضافی کرائے وصول کرنے اور مقررہ مسافروں سے زائد مسافروں کو سوار کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔


