پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں ڈائیلاسز سنٹر کی تینوں مشینیں خراب، گردوں کے مریض سستے علاج کی سہولت سے محروم ہو گئے۔ ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر اصف کی جانب سے متعلقہ حکام کو خرابی سے متعلق آگاہ کیے بھی تین ہفتے سے زیادہ کا وقت گزر گیا، عوامی تکلیف سرخ فیتے اور ٹھیکیداری نظام کی نذر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان میں ڈائیلاسز کے لیے استعمال ہونے والی تینوں مشینیں خرابی کا شکار ہیں جس کے متعلق ایم ایس کی جانب سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیے ہوئے بھی کئی ہفتے گزر چکے ہیں لیکن اس پر کوئی شنوائی نہیں ہو پا رہی۔
یاد رہے کہ مذکورہ مشینیں مخیر حضرات کی جانب سے عطیہ کی گئی تھی جن کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں غریب نادار اور دیگر مریضوں کےلئے علاج کی سہولت ہونے سے علاقائی مریض بڑے شہروں کی جانب اور ہزاروں روپے کے اخراجات سے بچ جاتے تھے۔
گزشتہ تین ہفتوں سے مذکورہ مشینیں بجلی کی خرابی یا کسی دیگر تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ چکی ہیں۔ مقامی طور پر آنے والے گردے کے مریضوں کو بڑے شہروں کی جانب جانے سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مرکزی انجمن تاجران، تاجران ورکنگ کمیٹی سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے حکومت پنجاب، محکمہ صحت سے اپیل ہے کہ فوری طور پر مذکورہ مشینوں کو درست کرایا جائے تاکہ تحصیل ہیڈکوارٹر میں گردے ڈائیلاسز کا عمل دوبارہ شروع ہو سکے۔


