دینہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے دینہ کے علاقہ پنڈ جاٹہ کی مرکزی جامع مسجد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ پنڈ جاٹہ کی مسجد میں کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر فوری کارروائی کے احکامات صادر کرتے ہوئے موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے دور رہنے اور سماج دشمن عناصر کی بیج کنی کے لیے ایسے افراد منشیات فروشوں، قحبہ خانوں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اور جہلم پولیس کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ پولیس میں خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کا قیام، میثاق مراکز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے، عوام الناس اپنے مسائل لیکر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔


