دینہ: ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت تمام ہسپتالوں کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رورل ہیلتھ سنٹر (آر ایچ سی) دینہ کے نئے بلاک اور ایمرجنسی وارڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے نئے بلاک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد اسے فعال کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے آر ایچ سی دینہ کے ایمرجنسی وارڈ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کریں اور ان کی تکالیف کم کرنے کے لیے بھرپور توجہ دیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مزید کہا کہ آر ایچ سی دینہ کو تمام جدید طبی سہولیات اور مشینری سے آراستہ کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں ممکن بنائی جا سکیں۔


