دینہ: تھانہ دینہ پولیس نے شراب سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان احتشام، افضال الرحمن، ذیشان اور جبران کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان احتشام، افضال الرحمٰن اور ذیشان کے قبضے سے 10، 10 لیٹر شراب جبکہ ملزم جبران کے قبضے سے 5 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ دینہ میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کارروائی کے حوالے سے کہا کہ شراب جیسی مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف جہلم پولیس نے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور معاشرے کو نشے جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔


