دینہ: حکومت پنجاب کی ہدایت پر دینہ میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں منعقد ہوئی، جہاں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد اور سابق رکن پنجاب اسمبلی مہر محمد فیاض نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ فرحت ضیاء کمال سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
پولیو مہم 21 اپریل سے 26 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر اور اسکولوں میں جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد اور مہر محمد فیاض نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور والدین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔


