جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے "پنجاب انیشیٹو” اور "سیف سٹی پروجیکٹ” جیسے منصوبے حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہیں اور ان کی موثر عملداری سے ضلع جہلم کو رول ماڈل ضلع کے طور پر پیش کیا جا سکے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سطح پر جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیف سٹی پروجیکٹ اور وزیر اعلیٰ انیشیٹو کے تحت صحت، تعلیم، صفائی، صاف پانی، اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، مانیٹرنگ سنٹر کا قیام، ٹریفک مینجمنٹ، اور جرائم پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول میسر آئے گا بلکہ جرائم کی شرح میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی روابط کو مؤثر بنائیں، ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس مرتب کریں اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل کمیٹی، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور ڈپٹی کمشنر کو اپنی محکمانہ کارکردگی رپورٹس اور منصوبوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔


