جہلم: قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے تحت راولپنڈی ڈویژن کی دو نمایاں اور بااعتماد شخصیات کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ عثمان علی کو ضلعی مصالحتی کمیٹی کا وائس چیئرمین جبکہ چوہدری آصف علی مہر (سعیلہ، جہلم) کو شکایت سیل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
ان تقرریوں کے بعد راجہ عثمان علی اور چوہدری آصف علی مہر کو عوام، علمائے کرام، معززین، اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ جہلم، مری، کہوٹہ اور گردونواح کے علاقوں میں ان تقرریوں کو نہایت مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے اور انہیں عوامی خدمت، بین المذاہب ہم آہنگی، اور مسائل کے فوری حل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر راجہ عثمان علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ضلعی سطح پر امن، بھائی چارے اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔
دوسری جانب چوہدری آصف علی مہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شکایات سیل کو عوام کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو فوری طور پر سننا اور ان کا حل نکالنا ان کی اولین ذمہ داری ہو گی، اور وہ ہر سطح پر انصاف کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔


