جہلم: اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے کہا ہے کہ معاون اراضی فرنچائز کے قیام سے محکمہ ریونیو سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ہوگا اور شہریوں کو فرد اور دیگر ضروری دستاویزات کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیا گیا یہ پروجیکٹ محکمہ ریونیو میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
یہ بات انہوں نے ڈائریکٹر مانیٹرنگ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی رانا محمد شعیب کے ہمراہ ضلع جہلم میں معاون اراضی پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ضلع کونسل ہال میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کو معاون اراضی کے کردار، فرنچائز حاصل کرنے کے طریقہ کار اور حکومت پنجاب کے ویژن سے آگاہ کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا محمد شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا محمد سیف، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن عمر ضیاء گورسی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشن جہلم قدیر احمد رانجھا بھی شریک تھے۔
سیمینار میں شہریوں، سماجی شخصیات، صحافیوں اور سرکاری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے معاون اراضی پروگرام کی خصوصیات، اہمیت اور شہریوں کو پہنچنے والے فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا محمد شعیب نے شہریوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہر شعبہ زندگی میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اراضی معاون فرنچائز کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں فرنچائز کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ محکمہ ریونیو سے متعلق کرپشن، رشوت ستانی اور بلاجواز اعتراضات کی شکایات کا خاتمہ کیا جا سکے۔


