حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 9 اعشاریہ 95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 41 اعشاریہ 90 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مہنگائی میں بڑے پیمانے پر اضافے کی صورت ظاہر ہونا شروع ہوگئے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔
حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 9 اعشاریہ 95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہواہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 41 اعشاریہ 90 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ کمانے والا طبقہ متاثر ہوا جس کے لیے مہنگائی کی شرح 45 اعشاریہ 84 فی صد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں 25 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 13 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگی ہوئی اشیاء میں گیس سرفہرست ہے جس کی قیمتوں میں 480 فیصد کی شرح کے حساب سے سب سے زیادہ اضافہ ہوا۔
چائے کی پتی کی قیمتوں میں 8 اعشاریہ 88 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 2 اعشاریہ 54 فیصد، چکن کی قیمت میں 3 اعشاریہ 99فیصد، لہسن کی قیمت میں 3 اعشاریہ 09 فیصد، نمک کی قیمت میں2 اعشاریہ 93 فیصد، آٹے کی قیمت میں 2 اعشاریہ 64 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں2 اعشاریہ 03 فیصد جبکہ آلو کی قیمتوں میں2 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے جن13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ان میں سے بجلی کی قیمتوں میں16 اعشاریہ 06 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں11 اعشاریہ 16 فیصد، چینی کی قیمتوں میں4 اعشاریہ 24 فیصد، ڈیزل کی قیمت میں2 اعشاریہ 15 فیصد، پٹرول کی قیمت میں0 اعشاریہ 73 فیصد، پیاز کی قیمت میں1 اعشاریہ 49 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمت میں1 اعشاریہ 39 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمت میں 0 اعشاریہ 65 فیصد جبکہ گڑ کی قیمت میں0 اعشاریہ 27 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 35 اعشاریہ 72 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں40 اعشاریہ 81فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 45 اعشاریہ 84فیصد رہی۔
اسی طرح 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 42 اعشاریہ 94فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 39 اعشاریہ 67 فیصدرہی ہے۔


