جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد عاصمہ اعجاز کو ڈپٹی کمشنر جہلم تعینات کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عاصمہ اعجاز (PAS/BS-19) کو نیا ڈپٹی کمشنر جہلم تعینات کر دیا ہے۔ انہیں محکمہ داخلہ سے تبدیل کرکے ضلع جہلم میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ان کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
عاصمہ اعجاز کی تعیناتی سابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے متوقع دورہ جہلم کے باعث انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026ء کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کرنے کی کوشش کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کسی بھی دورے کے دوران عوام، بالخصوص طلبہ کو پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی حالانکہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے تمام متعلقہ انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایات دوبارہ جاری کی گئی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دوروں کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان ہدایات کے مطابق کسی مارکیٹ، دکان یا کاروباری ادارے کو بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی وزیراعلیٰ کے دورے کے باعث کسی کاروباری سرگرمی کو معطل کیا جائے گا۔
احکامات میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر کسی رہائشی گلی کو بند یا سیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ان کے دوروں کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہ کی جائے اور سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ ہدایات تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز)، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ سرکاری دوروں کے دوران عوامی معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔


