سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ میں نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او سب انسپکٹر زاہد رضا کیانی سے تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے صدر یاسر فہمید، سابق جنرل سیکرٹری ملک وحید، بانی تحصیل پریس کلب سوہاوہ احسن وحید اور دیگر صحافیوں نے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر ایس ایچ او زاہد رضا کیانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عہدے اور اختیارات عارضی ہوتے ہیں، جبکہ انسان کی زندگی کا اصل حاصل لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور خدمتِ خلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے اور ڈی پی او جہلم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق غیر جانبدار تفتیش، بروقت اندراجِ مقدمات اور میرٹ پر فیصلے ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھانہ سوہاوہ میں ٹاؤٹ مافیا کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور کسی کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس ایچ او زاہد رضا کیانی کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور پولیس کا تعلق چولی دامن کا ہے، باہمی تعاون سے معاشرے کی اصلاح اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ صحافیوں کے ساتھ مل کر جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی پی او جہلم کی سپروائزن میں موثر گشت کا نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ جرائم کی روک تھام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد موجود مشکوک اور جرائم پیشہ عناصر کی فوری نشاندہی کریں، بالخصوص کرایہ داری ایکٹ کے تحت دوسرے شہروں سے آ کر رہائش پذیر افراد کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں۔
ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ نے انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور مقامی سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ سوہاوہ میں عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنا ان کا بنیادی مقصد ہے، جس کے لیے ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات کے دوران تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے صدر یاسر فہمید، سابق جنرل سیکرٹری ملک وحید اور دیگر صحافیوں نے ایس ایچ او زاہد رضا کیانی کو سوہاوہ میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


