جہلم شہر اور گردونواح میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی خواب بن کر رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے واضح احکامات کے باوجود ضلعی انتظامیہ جہلم شہر اور گردونواح میں اشیاء خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی اور سیاسی قائدین کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کرتی ہے جس میں اشیاء خوردونوش کی سرکاری قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں اور مذکورہ ریٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تقریباً تین درجن پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کو اختیارات سونپ کر روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں کا دورہ کر کے اشیا کے معیار اور نرخ کا جائزہ لینے اور خلاف ورزی کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور بھاری جرمانے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تاہم ضلعی اور تحصیل انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث شہر اور ضلع بھر کے دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ روٹی، دودھ، دہی، چاول، دالیں، سبزیاں، فروٹ اور دیگر ضروری اشیا کے نرخ خود ساختہ مقرر کیے جا رہے ہیں، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہری تنظیموں، سماجی و رفاحی اداروں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری زراعت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو حکومت کے مقررہ نرخوں پر اشیاء ضرور دستیاب ہوں اور مہنگائی کے اس طوفان سے تحفظ مل سکے۔


