جہلم پولیس نے ایمرجنسی 15 پر چوری اور ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے دو ملزمان کو الگ الگ کارروائیوں کے دوران گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ دینہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا جس نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے چوری کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دی تھی۔ پولیس نے کال کی تصدیق کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اسی طرح تھانہ جلالپور شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا جس نے ایمرجنسی 15 پر ڈکیتی کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دی تھی۔ ملزم کے خلاف تھانہ جلالپور شریف میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق جھوٹی اطلاع دے کر پولیس کے قیمتی وقت اور سرکاری وسائل کا ضیاع کیا گیا، جبکہ ایسی کالز حقیقی ضرورت مند شہریوں کو بروقت پولیس مدد فراہم کرنے میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور بروقت پولیس رسپانس کے لیے قائم کی گئی ہے، اس لیے اس کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جھوٹی یا گمراہ کن کالز کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دونوں مقدمات میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


