جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی موثر نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں صفائی آپریشن کی نگرانی اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسران مختلف علاقوں کے دورے کرکے گھر گھر سے کوڑا اٹھانے، گلیوں اور عوامی مقامات کی صفائی اور ستھرا پنجاب ایجنسی کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان دوروں کا مقصد صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا اور شہری و عوامی مقامات پر صفائی کے مقررہ معیار کو برقرار رکھنا ہے۔
فیلڈ مانیٹرنگ کے دوران صفائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتِ حال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ متعلقہ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مقررہ معیار پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں، تاکہ ضلع جہلم کے شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔


