بریڈفورڈ: پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اپنی تعیناتی کے بعد بریڈفورڈ کا پہلا آفیشل دورہ کیا۔ بریڈفورڈ قونصلیٹ کے قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی کا بائی چوائس برطانیہ ہی ملک ہے باالخصوص برٹش پاکستانی نوجوان نسل کا مستقبل اب برطانیہ کے ساتھ ہی وابستہ ہے،انہیں تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور متحد ہو کر برطانیہ کے ہر شعبے میں آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اوورسیز پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں مگر وہ پاکستان کا زیادہ سوچنے کی بجائے برطانیہ میں آپس کی تقسیم کو ختم کریں۔ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے پاکستان میں 8فروری کے انتخابات نہ صرف جمہوریت کو مضبوط کریں گے بلکہ پاکستانی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سفری مشکلات ختم کرنے کیلئے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ ہو چکا ہے جلد ہی باقاعدہ اعلان ہو جائے گا۔ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال سیاحت کے لحاظ سے بہترین ملک ہے ہمیں پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا ہو گا تاکہ ہماری نوجوان نسل بھی اپنے ملک کا رخ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔
اس موقع پر کمیونٹی نے پاکستان اور پاکستان قونصلیٹ میں درپیش مسائل کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر کو اپنی تشویش کا اظہار کیا جس کو حل کرنے کی انہوں نے یقین دہانی کرائی ۔


