جہلم: چوہدری فیصل فرید نے کہا کہ پنڈدادنخان کا سیاسی کچرا ایک دفعہ پھر ایک جماعت میں اکٹھا ہوگیا ہے۔ سیاسی کچرے نےمسلم لیگ(ن) کی تیسرے درجے کی لیڈرشپ کے ساتھ مسلم لیگ(ن)میں شمولیت اختیار کی، کسی میں اخلاقی جرات نہیں تھی کہ وہ للِہ تا جہلم دورویہ سڑک کے متعلق (ن)لیگی قیادت سے بات کرتا۔
معروف قانون دان، سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری فیصل فرید نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سب حلقہ این اے 61کے باسیوں کے مجرم ہیں،عوام الیکشن میں ان کو سبق سکنائے گی۔
انہوں نے کہا ضلع جہلم میں سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے جتنے ترقیاتی منصوبے شروع کروائے ماضی میں اسکی نظیر نہیں ملتی۔ فواد چوہدری نے للِہ جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر 17 ارب کی لاگت سے شروع کروائی، تیزی سے منصوبے پر کام جاری تھی۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد حکومت تبدیلی ہوئی تو پی ڈی ایم کی قیادت نے فنڈز روک دئیے۔
چوہدری فیصل فرید نے کہا کہ احسن اقبال فنڈز نارووال لے گئے لیکن جہلم میں (ن) لیگ کے بونے ان کو کھانے کھلاتے رہ گئے،مسلم لیگ(ن) کی قیادت سے کسی نے عوامی منصوبے کے بارے میں مکمل ہونے کی یقین دہانی نہیں لی،کسی نے فنڈز جاری کروانے کی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی دھرتی اپنا راج کا نعرہ لگانے والے اب نعرے لگا رہے ہیں میاں جدوں آوے گا لگ پتا جاوے گا۔ عوام کو پتا تو لگ گیا ہے اب ان بونوں کو الیکشن میں پتا لگے گا، عوام پریشان حال ہیں اسپتالوں تعلیمی اداروں تک پہنچنا محال ہے اور سیاسی کچرا ٹکٹوں کی تگودو میں لگا ہوا ہے،مفاد پرستوں کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں۔
فیصل فرید نے مزید کہا کہ چوہدری فواد حسین ہی ایک دفعہ پھر منتخب ہو کر ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔