جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت محمد ضمیر منہاس انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر شہر سمیت قرب و جوار میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مرحوم ایک ملنسار، بااخلاق اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت کے طور پر اپنی الگ پہچان رکھتے تھے اور طویل عرصہ تک سماجی و عوامی معاملات میں بھرپور کردار ادا کرتے رہے۔
مرحوم محمد ضمیر منہاس کی نماز جنازہ گزشتہ روز شہر کی مرکزی جنازہ گاہ میں ادا کی گئی جس میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ، دوست احباب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
اس موقع پر مختلف شخصیات نے مرحوم کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد ضمیر منہاس ایک نفیس اور درد دل رکھنے والی شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی۔ ان کے انتقال سے جہلم شہر ایک مخلص اور متحرک سماجی کارکن سے محروم ہو گیا ہے۔
شرکائے جنازہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔


