جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر لیڈی سب انسپکٹر، انچارج ایس ایس آئی او یو اور متعلقہ پولیس ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق انچارج ایس ایس آئی او یو اور ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو لاپتہ بہنوں کو قلیل وقت میں لاہور سے بحفاظت تلاش کیا اور ضروری کارروائی کے بعد انہیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بہنیں گھریلو ناچاقی کے باعث ناراض ہو کر لاہور چلی گئی تھیں۔ ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا اور جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دونوں بہنوں کو قلیل وقت میں ٹریس کرلیا۔
پولیس ٹیم نے دونوں بہنوں کو بحفاظت تلاش کرنے کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کر دیا، جس پر اہلِ خانہ نے پولیس کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض کی انجام دہی کو سراہا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی سے دیگر اہلکاروں میں بھی مزید جذبے، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے لیے نمایاں کارکردگی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے مسائل کے حل اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی محکمہ پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔


