سوہاوہ: بڑاگواہ میں انٹرنیشنل گکھڑ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام شاندار فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تاریخی علاقے بڑاگواہ میں انٹرنیشنل گکھڑ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے بھر سے مرد و خواتین، بزرگوں اور بچوں سمیت 500 سے زائد مریضوں نے شرکت کی۔
کیمپ صبح سے شام تک جاری رہا، جہاں 10 سے زائد ماہر اور اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت ادویات اور عینکیں بھی فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں جنرل میڈیسن، شوگر، بلڈ پریشر، امراضِ قلب، معدہ، جوڑوں کے درد، بچوں اور خواتین کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کو بیماریوں سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی، جبکہ ضرورت مند مریضوں کو موقع پر ہی مفت ادویات دی گئیں۔
فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد چیئرمین گکھڑ فیڈریشن راجہ خوشحال کیانی، بریگیڈیئر عامر کیانی، نعیم اقبال کیانی، قیصر کیانی نائب صدر، حمزہ کیانی نائب صدر اور دیگر عہدیداران کی سرپرستی میں کیا گیا، جبکہ چیف آرگنائزر کے فرائض ڈاکٹر فرخ کیانی نے سرانجام دیے۔ کیمپ کے انتظامات منظم انداز میں کیے گئے تھے اور مریضوں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن، انتظار اور طبی معائنے کے الگ الگ کاؤنٹرز قائم کیے گئے تھے۔
سابق رکنِ صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال نے بھی خصوصی طور پر کیمپ کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں و منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے مریضوں سے بھی ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر انہوں نے انٹرنیشنل گکھڑ فیڈریشن کی فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مفت طبی کیمپ غریب عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں جب عام آدمی کے لیے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو چکا ہے، وہاں ایسے کیمپ عوام کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
کیمپ میں چیئرمین کرنل (ر) قیصر کیانی، راجہ عبیداللہ سینئر نائب صدر سوہاوہ، راجہ جاوید صدر گکھڑ فیڈریشن جہلم، راجہ تنویر نائب صدر دینہ، نمبردار غلام عباس نائب صدر دینہ، نمبردار وحید صدر دینہ، راجہ ضیاء اللہ سابق جنرل کونسلر بڑاگواہ، فاروق لغاری بڑاگواہ، صائم اقبال اور راجہ رؤف کیانی سابق جنرل کونسلر سمیت فیڈریشن کے دیگر عہدیداران اور مقامی معززین نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے مریضوں کی رہنمائی اور کیمپ کے انتظامی امور میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر راجہ عبیداللہ اور اہلِ علاقہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل گکھڑ فیڈریشن نے یہ فری میڈیکل کیمپ علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا ہے، تاکہ مہنگائی کے باعث مہنگی ادویات خریدنے یا طبی معائنہ کروانے سے قاصر افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑاگواہ جیسے دیہی علاقے میں اس نوعیت کے کیمپ کا انعقاد قابلِ تحسین ہے، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنے علاقے میں مفت طبی سہولیات میسر آئیں۔
کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں اور اہلِ علاقہ نے راجہ خوشحال کیانی، کرنل قیصر کیانی، ڈاکٹر فرخ کیانی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی طبی کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ غریب اور مستحق عوام کو علاج معالجے کی سہولیات میسر آتی رہیں۔


