جہلم: کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو تمام سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنا مذہبی تہوار جوش و خروش سے منا سکیں۔
یہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ریسکیو، واپڈا، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرسمس کے موقع پر پارکوں کی سیکورٹی یقینی بنانے، مکینیکل جھولوں کو چیک کرنے، ہیلتھ سنٹر چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے، صفائی اور سٹریٹ لائٹس کا جامع پلان بنانے اور کنٹرول روم کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیا جائے جو ضروری اقدامات ہیں وہ فوری عمل میں لائے جائیں۔ تمام چرچز پر سکیورٹی اور ریسکیو کی خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔


