سوہاوہ: پہلوان محمد احسان شیر کیانی کی جانب سے چوتھے سالانہ جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ کی شاندار کامیابی اور عید کی خوشیوں کے سلسلے میں ایک پروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں جشنِ بڑاگواہ میلہ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر راجہ احسان کیانی کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور بہترین انعقاد پر خصوصی تحائف بھی پیش کیے۔
تقریب میں گھوڑوں، اونٹوں اور بیلوں کے مالکان، بگدر اور رسہ کشی کے نامور پہلوانوں کے علاوہ علاقے کے ممتاز میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی اور محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔
پہلوان احسان شیر کیانی کی ’آل سنگت‘ نے بھی خصوصی شرکت کرتے ہوئے انتظامی ٹیم کو کامیاب میلے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب کے اختتام پر جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ کی پوری ٹیم نے مہمانوں، کھلاڑیوں اور میڈیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے ثقافتی ایونٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


