پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر رانا سعید احمد کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ملک اعجاز احمد کی زیر نگرانی ریسکیو 1122 پنڈدادنخان کے اسٹاف کا ماہانہ جسمانی فٹنس ٹیسٹ منعقد کیا گیا۔
ماہانہ فزیکل ٹیسٹ کے انعقاد کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی جسمانی فٹنس کو جانچنا اور یقینی بنانا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
فٹنس ٹیسٹ میں اہلکاروں کی دوڑنے کی صلاحیت، جسمانی برداشت، طاقت اور فوری ردعمل کی مہارتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ملک اعجاز احمد نے فزیکل ٹیسٹ کی خود نگرانی کی اور ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر ملک اعجاز احمد نے کہا کہ جسمانی فٹنس ہر ریسکیو اہلکار کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ایک فِٹ اہلکار نہ صرف بروقت اور مؤثر انداز میں امدادی کارروائیاں سرانجام دے سکتا ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا سعید احمد نے کہا کہ مستقبل میں بھی اہلکاروں کی جسمانی فٹنس کو اولین ترجیح دی جائے گی اور ریسکیو سروسز کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔


