جہلم پریس کلب ضلع کچہری میں مسلم ہینڈز کے تعاون سے مکمل ہونے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے کیا۔
جہلم پریس کلب پہنچنے پر مسلم ہینڈز کے مرکزی ہیڈ رفاع عامہ یوکے چوہدری توقیر اقبال، عمران احمد (منیجر رفاع عامہ بنگلہ دیش)، وسیم محمود (ہیڈ آف واٹر ریٹ)، عروسہ بانو (پروگرام آفیسر)، کامران مرزا (ایریا منیجر گوجرخان)، خاور حیات (پروگرام آفیسر)، محمد ہارون (ایجوکیشن آفیسر) اور معروف سینئر صحافی یاسر فہمید موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی مسلم ہینڈز کے عملی اقدامات کی بدولت ایک بہت بڑی نیکی اور صدقہ جاریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف پانی کے بغیر صحت مند زندگی کا تصور ممکن نہیں۔ مضر صحت پانی کے سبب متعدد امراض جنم لیتے ہیں، اور مسلم ہینڈز کی جانب سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب معاشرے کو صحت مند بنانے کی ایک شاندار کاوش ہے۔ انسانیت کے لیے کام کرنے والے لوگ عظیم ہوتے ہیں جو دوسروں کے دکھ درد کو کم کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
مسلم ہینڈز کے مرکزی ہیڈ آف یوکے چوہدری توقیر اقبال نے کہا کہ مسلم ہینڈز ایک دردِ دل رکھنے والوں کا پلیٹ فارم ہے جس نے پنجاب سمیت ملک بھر میں مثالی کام کیے ہیں، اور یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ نجی فلاحی ادارے کی جانب سے تعلیم، صحت اور دیگر مسائل کے لیے کوشش کرنا مسلم ہینڈز کا طرۂ امتیاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز دکھی انسانیت کی خدمت میں سرگرم ایک مثالی ادارہ ہے، جو ملک گیر نیٹ ورک کی حامل فلاحی تنظیم کے طور پر تعلیم، صحت، مستحقین اور قدرتی آفات کے دوران بلا رنگ و نسل فوری امداد فراہم کرتے ہوئے شاندار خدمات کے ریکارڈ قائم کر چکا ہے، اور ان شاء اللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پر جہلم پریس کلب کے صدر مہر محمد الیاس اور ان کی پوری ٹیم نے مسلم ہینڈز اور معروف سینئر صحافی یاسر فہمید کی کوششوں اور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


