پنڈدادنخان میں نامعلوم ڈاکوؤں نے میاں بیوی کو بے ہوش کر کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی، پولیس نے رپورٹ درج کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ کے علاقہ ٹوبھہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی۔ محمد اشفاق اہل خانہ کے ساتھ گھر کے صحن میں سویا ہوا تھا کہ ڈاکوؤں نے کمرے کے سامنے سوئے ہوئے محمد اشفاق اور ان کی بیوی کو بے ہوش کر کے 20 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔
ڈاکو زیورات کے خالی ڈبے کمرے کے اندر ہی پھینک گئے اور زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ للِہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ دونوں میاں بیوی کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، محمد اشفاق تا حال سرگودھا ہسپتال میں داخل ہے۔


