مسجد نبویﷺ ریاض الجنہ میں آمد و رفت کے لیے نیا نظام متعارف کروا دیا گیا

مدینہ منورہ: مسجد نبویﷺ ریاض الجنہ میں آمد و رفت کے لیے نیا نظام متعارف کروا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ سے مسجد نبویﷺ ریاض الجنہ کی زیارت کیلئے نیا جدید نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ریاض الجنہ کی زیارت کیلئے ” نسک” موبائل ایپ پرمٹ حاصل کرنا ہو گا، زائرین کو سال میں صرف ایک بار ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ ملے گا۔
” نسک” موبائل ایپ پر پرمٹ کیلئے اپلائی کرنے والے شخص کو جس تاریخ کو ریاض الجنہ کی زیارت کی اجازت ملے گی، اس سے 24 گھنٹے قبل پرمٹ جاری کیے جانے سے متعلق مطلع کر دیا جائے گا۔

” نسک” موبائل ایپ پر پرمٹ کیلئے اپلائی کرنے والے شخص کو پرمٹ کے ساتھ مختلف زبانوں میں ریاض الجنہ کی زیارت سے متعلق ایک ایک قدم کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ پرمٹ حاصل کرنے والے شخص کو مسجد نبویﷺ پہنچنے کے بعد ہر گیٹ پر نصب اسکینر پر پرمٹ کا بار کوڈ بھی اسکین کرنا ہو گا۔

یہ بار کوڈ جس تاریخ کیلئے پرمٹ جاری کیا جائے گا، صرف اسی تاریخ کو استعمال کیا جا سکے گا، اس تاریخ کے بعد پرمٹ کے ساتھ ملنے والا بار کوڈ اگلے ایک سال تک قابل استعمال نہیں ہو گا۔ ایک سال کے انتظار کے بعد ریاض الجنہ کی زیارت کیلئے نیا پرمٹ حاصل کرنا ہو گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ریاض الجنہ کی زیارت کے خواہش مند شخص کو زیارت کی تاریخ سے قبل موصول ہونے والے پرمٹ کو مسجد نبویﷺ آمد سے قبل منسوخ کرنے کی اجازت بھی ہو گی۔

اس سے قبل العربیہ نیوز نے سعودی اخبار ’الوطن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ ریاض الجنہ میں زائرین کی آمد ورفت کے حوالے سے آسانی پیدا کرنے اور راہداریوں کا نیا نظام نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بارے میں انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’وزارت حج و عمرہ سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں کسی بھی زائر کو سال میں صرف ایک بار ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ ملے گا، جس کے بعد دوبارہ نئے پرمٹ کا حصول 365 دن گزرنے پر نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا۔

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023 کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔

اسی طرح عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں کئی لاکھ افراد کا ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button