مانچسٹر: برطانیہ میں رہنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو برطانوی معاشرے میں اپنا اور اپنی نوجوان نسل کو عزتوں والا مقام دلانے کیلئے حصہ لینا چاہئے اور مقامی سیاست اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار بلیک سٹون کے ڈائریکٹرز چوہدری طاہر صدیق، مصطفیٰ کمال شیخ کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی میں باہمی رواداری کے فروغ کے سلسلے میں ایک میٹنگ اور کشمیری رہنما امجد مغل کے بڑے بھائی محمد شفیع مرحوم کی تعزیت کے موقع پر پاکستان نژاد برطانوی ممبر پارلیمنٹ افضل خان نےاظہارتعزیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں کہاکہ عالمی حالات اور برطانیہ میں سیاسی اتار چڑھاؤ کی پالیسیوں کے تحت پاکستانی کمیونٹی کو یہاں آباد دیگر کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے۔
چوہدری طاہر صدیق نے کہاکہ اوور سیز پاکستانیوں کو اپنے سیاسی، سماجی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برطانوی معاشرے میں مقام بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
کشمیری رہنما امجد حسین مغل نے کہاکہ فلسطین اور کشمیر کو آزادی دیئے بغیر عالمی امن کو ہمیشہ خطرات لاحق رہیں گے۔
شیخ مصطفیٰ کمال نے کہاکہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نسل کی بہترین تربیت اور رہنمائی کی جائے تاکہ وہ برطانیہ اور پاکستان کی خوشحالی میں اپنا مقام بنا سکیں۔
اس موقع پر امجد مغل کے بھائی اور کشمیری رہنما محمد شفیع مرحوم اور غزہ کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔


