جہلم شہر اور ملحقہ آبادیوں میں خوبصورتی، صفائی اور گرینری کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلے ماہ کے آخر تک پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گی، جس کے بعد شہر میں پارکس، گرین بیلٹس اور شاہراہوں کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پی ایچ اے کے افسران اور عملہ شہر بھر میں پارکس کی بحالی، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، شجرکاری مہم، صفائی ستھرائی اور پھولوں و پودوں کی تزئین و آرائش جیسے امور سرانجام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں اور سڑکوں کے اطراف ہریالی برقرار رکھنے اور شہری ماحول کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شہری حلقوں نے پی ایچ اے کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ادارے کی فعالیت سے جہلم شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی اور عوام کو صاف ستھرا، سرسبز اور دلکش ماحول میسر آ سکے گا۔


