جہلم شہر اور گردونواح میں سکرین سے تیار شدہ برف کے گولوں اور قلفیوں کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔ صوفی کی قلفی، کراچی قلفی اورملتانی قلفی کے نام پر شہر و جی ٹی روڈ پر قلفیوں و برف گولوں کی فروخت جاری ہے۔ معصوم بچے گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے اندرون شہر کے گلی، محلوں سمیت جی ٹی روڈ پر سر عام مضر صحت برف کے گولوں ،غیر معیاری قلفیوں کی ریڑھیاں سار اسارا دن بیماریاں فروخت کرتے نظرآتے ہیں۔ گولہ فروش شربت میں چینی کی بجائے سکرین استعمال کرکے مہنگے داموں برف گولے فروخت کرکے شہریوں میں موت بانٹنے میں مصروف ہیں۔
جہلم شہر کے مختلف مقامات پر صوفی کی قلفی، کراچی قلفی، ملتانی قلفی اور دیگر ناموں کی مضر صحت قلفیوں و برف گولوں کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں جن کے استعمال سے شہری، بچے گلے خراب اور کالی کھانسی جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ مذکورہ دکاندار مہنگے داموں قلفیاں و برف گولے فروخت کرکے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔


