دینہ کے قریب بارش کے باعث جی ٹی روڈ پر پھسلن سے 7 گاڑیوں میں تصادم، دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر بارش کے باعث سڑک پر پھسلن کے نتیجے میں خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اقبال ہوٹل کے قریب کیڈٹ کالج کے سامنے جی ٹی روڈ پر 7 گاڑیوں کے تصادم سے 40 سالہ عمران ولد محمد اسلم، 36 سالہ افتخار احمد ولد مظہر اقبال، 55 سالہ ریاض ولد جلال حسین، 35 سالہ سمینہ کوثر زوجہ محمد قاسم، 68 سالہ نور حسین ولد چوہدری خان، 8 سالہ انایہ رانی ولد محمد قاسم اور 4 سالہ ابو بکر ولد محمد قاسم زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بارش کے باعث سڑک پھسلن زدہ ہو گئی جس کے نتیجے میں گاڑیاں قابو سے باہر ہو کر ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جن میں دلہے کی کار سمیت تین کاریں، ایک ہائی ایس، ایک بس، ایک ڈالہ اور ایک مزدا ٹرک شامل ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، موٹروے پولیس اور پٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئیں اور تمام زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے نہایت مہارت اور تیزی سے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ موٹروے اور پٹرولنگ پولیس نے ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور جائے حادثہ سے متاثرہ گاڑیوں کو ہٹا دیا۔


