جہلم: بیکری مالکان شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے، مضر صحت بیکری مصنوعات کی تیاری کے ساتھ ساتھ بیکری مالکان حفظان صحت کے اصولوں سے ہٹ کر بیکری سامان فروخت کرنے اور شہریوں میں بیماریاں پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی کارروائیاں کرنے سے گریزاں، شہری قیمتاً بیماریاں خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم بیکر ز مالکان بیکری کے سامان کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کر کے بیکری سامان تیار کر کے فروخت کرنے میں مصروف ہیں، سامان کی تیاری حفظان صحت کے اصولوں سے ہٹ کر ہونے کی وجہ سے خریدار موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں تعینات پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کو بیکریز میں تیار ہونے والے خام مال کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق بیکری سامان میسر آسکے۔


