پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع جہلم بھر میں آوارہ اور باولے کتوں کی تلفی کی مہم تیزی سے جاری ہے۔
اس مہم کے تحت اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں میونسپل کمیٹیوں کا عملہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہا ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
شہری اور دیہی علاقوں میں خصوصی طور پر اسکولوں، پارکوں اور گنجان آباد گلیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جہاں سے آوارہ کتوں کے کاٹنے کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود رہ کر کارروائیاں انجام دے رہی ہیں تاکہ شہریوں بالخصوص بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ اس مہم کی خود نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی علاقے میں آوارہ کتے شہریوں کے لیے خطرہ نہ بنیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ سب سے مقدم ہے اور عوامی سلامتی کے لیے اس نوعیت کی مہمات آئندہ بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔


