جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم کی زیر صدارت ضلع میں جاری بیوٹیفیکیشن اسکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل جہلم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام تحصیلوں میں نئے ماڈل بازاروں کی تعمیر اور شہر کے چوکوں کی تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ بیوٹیفیکیشن منصوبے کو معیار پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زیر تعمیر ماڈل بازاروں کے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی تاکید کی تاکہ شہریوں کو جلد جدید اور بہتر خریداری کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں افسران نے مختلف تحصیلوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیوٹیفیکیشن اسکیم کے تحت عوامی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا بلکہ بنیادی ڈھانچے میں بھی نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔


