دینہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ ، ختم پر آنے والے ماں بیٹا کو تیز رفتار ٹرک نے کچل کر ہلاک کر دیا ، حادثہ اتنا شدید تھا کہ ماں بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے ماں بیٹا کی ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کے سامنے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ پیش آیا ، تیز رفتار ٹرک نمبری MD-AX361نے دینہ جی ٹی روڈ ہائیر سیکنڈری سکول کے سامنے آگے جانے والے موٹرسائیکل سوار نمبری JML-2123 کو پیچھے سے ٹکر دے ماری جس سے موٹرسائیکل پر سوار ماں بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ میں جاں بحق ہونے والا 36سالہ شخص قیصر محمود ولد محمد الٰہی سکنہ کالا دیو پنڈ رتوال تحصیل و ضلع جہلم اپنی والدہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر دینہ ختم میں شرکت کے لیے آ رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا ، حادثہ اتنا شدید تھا کہ تیز رفتار ٹرک ماں بیٹا کو گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، موٹروے پولیس ، پولیس سٹی چوکی دینہ موقع پر پہنچ گئی ، ریسکیو 1122نے جاں بحق ہونے والے ماں بیٹا کی ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ ٹرک ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر رپورٹ درج کر لی اور ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ۔ماں بیٹے کی میتیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔