دینہ شہر میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رات کے اوقات میں اندھیرے کے باعث چوری اور راہزنی جیسے واقعات میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس غیر فعال یا مکمل طور پر ناپید ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کی وجہ سے رات کے وقت گھروں سے نکلنا یا واپس آنا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ خاص طور پر بزرگ شہری، خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی میں نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کو وارداتوں کا موقع مل سکتا ہے بلکہ عام شہریوں کے لیے روزمرہ کی نقل و حرکت بھی خطرے سے خالی نہیں رہی۔ اندھیرے کے باعث اکثر لوگ شام کے بعد گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں، جس سے سماجی زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
معززین علاقہ نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سٹریٹ لائٹس کا نظام بحال کر دیا جائے تو نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کو سکھ اور تحفظ کا احساس بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تنصیب کو یقینی بنائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ تحصیل کو مثالی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اگر سٹریٹ لائٹس کے نظام کو بھی بہتر بنا دیا جائے تو دینہ کے عوام کو درپیش ایک بڑی مشکل کا حل ممکن ہو سکے گا۔


