جہلم: شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے یونین کونسل نمبر 15، سول لائن روڈ میں سُتھرا پنجاب ایجنسی جہلم کی صفائی سرگرمیوں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر جاری صفائی آپریشن، ویسٹ کلیکشن اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے معیار، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، نالیوں کی صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سُتھرا پنجاب ایجنسی جہلم کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ صفائی کے کام میں مزید بہتری لائی جائے، فیلڈ میں مؤثر نگرانی برقرار رکھی جائے اور شہری علاقوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر کے تمام علاقوں میں یکساں معیار کے مطابق صفائی کے انتظامات برقرار رکھے جائیں۔


