سوہاوہ: عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی اور مسلسل نظراندازی سے دلبرداشتہ ہو کر علاقہ پدھری کے گاؤں بھاٹی کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام شروع کر دیا۔ اہلِ علاقہ نے باہمی تعاون سے 15 لاکھ روپے سے زائد کی خطیر رقم جمع کرکے طویل عرصے سے خستہ حال سڑک کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے کی مذکورہ سڑک کی تعمیر کو 20 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا تھا، جس کے بعد سڑک شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی۔ بالخصوص بارشوں کے دوران سڑک کی حالت انتہائی خراب ہونے کے باعث بھاٹی اور گردونواح کے مکینوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ تقریباً منقطع ہو جاتا تھا۔
اہلِ علاقہ کے مطابق سڑک کی خستہ حالی کے باعث بچوں کو سکول جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جبکہ ملازمت پیشہ افراد کے لیے بروقت اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچنا دشوار ہو جاتا تھا۔ اس کے علاوہ کسی مریض کو ہسپتال منتقل کرنے کی صورت میں بھی اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران متعدد مرتبہ ایم این ایز اور ایم پی ایز نے علاقے کا دورہ کیا اور عوام سے مختلف وعدے کیے، تاہم منتخب ہونے کے بعد سڑک کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق اس اہم عوامی مسئلے کی نشاندہی متعدد بار منتخب نمائندوں کے سامنے بھی کی گئی، لیکن عملی طور پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
سڑک کی تعمیر کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے عہدیداران نے گفتگو کرتے ہوئے اہلِ بھاٹی اور بھاٹی زیر کے تمام مکینوں کا بھرپور مالی اور اخلاقی تعاون کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
کمیٹی عہدیداران نے کہا کہ اہلِ علاقہ نے ثابت کر دیا ہے کہ اجتماعی جذبے اور باہمی تعاون سے مشکل سے مشکل مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتیں اور منتخب عوامی نمائندے اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتیں تو عوام کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے خود آگے بڑھنا پڑتا ہے۔
اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی کہ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے سے نہ صرف آمدورفت کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ بچوں، مریضوں، ملازمت پیشہ افراد اور دیگر شہریوں کو بھی سفری سہولت میسر آئے گی۔


