سوہاوہ: سوہاوہ جی ٹی روڈ پر حادثات میں مسلسل اضافے کے باعث نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں بلکہ شہریوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ ان حادثات کی بنیادی وجوہات میں جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ گڑھے اور خستہ حالی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ کی مرمت کے نام پر ہر تین، چھ ماہ یا سال بعد کروڑوں روپے خرچ کر کے عارضی مرمت کی جاتی ہے۔ تاہم اس سال باقاعدہ مرمت کا آغاز کیا گیا تھا جو چند دنوں بعد روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جی ٹی روڈ کی نئے سرے سے تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے اور سروے جاری ہے۔ جلد ہی تعمیر کا آغاز متوقع ہے۔
بدقسمتی سے جب تک جی ٹی روڈ کی تعمیر مکمل نہیں ہوتی، حادثات میں اضافے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی شخصیات جی ٹی روڈ کی تعمیر کے آغاز کے ساتھ ہی کریڈٹ لینے پہنچ جائیں گی۔
عوامی حلقوں نے ٹول پلازہ پر ٹیکس کی رقم میں مسلسل تیسری بار اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے، لیکن نہ تو کسی حکومتی نمائندے نے نوٹس لیا اور نہ ہی منتخب اراکین اسمبلی نے اس احتجاج کی پرواہ کی، کیونکہ ان کے ٹول پلازے فری ہیں۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹول پلازہ پر ٹیکس میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے اور این ایچ اے کو پابند کیا جائے کہ وہ جی ٹی روڈ کی نئے سرے سے تعمیر سے قبل حادثات کا سبب بننے والے حصوں کی فوری مرمت کریں۔


