جہلم: ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ مسافر گاڑیوں کے کرائے کم کروانے میں ناکام ، شہر میں قائم غیر قانونی اڈوں کا خاتمہ بھی نہ ہوسکا۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ آر ٹی اے نے تقریباً 3 ماہ قبل اندرون شہر شاندار چوک کے قریب واقع نجی ویگن اسٹینڈ کو ختم کر کے اسے سر بمہر کر دیا تھا، ٹرانسپورٹرز کے دباؤ پر انتظامیہ نے غیر قانونی ویگن اسٹینڈ کو دوبارہ فعال بنادیا۔ جس کیوجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، انتظامیہ ساری صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود شہر یوں کے مسائل سے مکمل لا تعلق دکھائی دیتی ہے۔
رواں ماہ 15 مئی کو وزیراعظم پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کردی، اس طرح جہلم کے علاوہ پنجاب بھر کی انتظامیہ نے گاڑیوں کے کرائیوں میں غیر معمولی کمی کے احکامات جاری کئے اور اس پر عملدرآمد شروع کروادیا۔
15 روز گزر جانے کے باوجود چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے خاموشی اختیار کررکھی جس کیوجہ سے بسوں ، گاڑیوں ، ویگوں پر سفر کرنے والے مسافر ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔
مسافروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم میں مستقل بنیادوں پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی تعینات کیا جائے اور چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر کو فوری مسافروں کو ریلیف دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے نئے کرائے نامے گاڑیوں میں آویزاں کرنے اور عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے۔


