جہلم: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) انتظامیہ نے صارفین کی سہولت اور بجلی سے متعلق شکایات کے بروقت اندراج و ازالے کے لیے 21 جنوری بروز بدھ فیس بک ای کچہری کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
آئیسکو انتظامیہ کے مطابق صبح 09:30 بجے سے 11:30 بجے تک آئیسکو کے تمام آپریشن سرکل انچارجز فیس بک ای کچہری میں براہ راست موجود ہوں گے، جہاں صارفین اپنی بجلی سے متعلق شکایات، مسائل اور تجاویز براہ راست متعلقہ افسران تک پہنچا سکیں گے اور فوری رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔
یہ فیس بک ای کچہری ایک جدید اور مؤثر فورم ہے جس کے ذریعے بجلی کی بندش، لوڈشیڈنگ، وولٹیج، بلوں کی درستی اور دیگر تکنیکی و انتظامی مسائل کی شکایات فوری طور پر متعلقہ دفاتر تک پہنچائی جا سکیں گی۔
آئیسکو کے مطابق معزز صارفین آئیسکو سرکل جہلم کی فیس بک آئی ڈی یا ٹیلیفون نمبر 05449270377 پر مقررہ اوقات کے دوران رابطہ کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے صارفین سے گزارش کی ہے کہ ای کچہری کے دوران شکایت درج کرواتے وقت اپنا مکمل نام، رابطہ نمبر، بجلی کے بل پر درج ریفرنس نمبر اور مکمل پتہ ضرور فراہم کریں تاکہ شکایت کو بروقت متعلقہ دفتر تک پہنچا کر فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کے مسائل کا حل اور بہتر سروس فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور فیس بک ای کچہری جیسے اقدامات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔


