پنڈ دادنخان شہر میں پہلی مرتبہ نائٹ پوسٹ آفس سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں افتتاحی تقریب پوسٹ آفس پنڈ دادنخان میں منعقد ہوئی، جس کی خصوصی مہمان مریم ظفر تھیں، جو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ضلع جہلم ڈویژن کے عہدے پر فائز ہیں۔
تقریب میں شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں کرنل (ر) شاہد رفیق، محمد اکرم اور پروفیسر نیاز اعوان شامل تھے۔ اس کے علاوہ عدیل شہزاد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور مجموعی طور پر نہایت کامیاب رہی۔
نائٹ پوسٹ آفس سروس کے آغاز کے بعد اب پاکستان پوسٹ کی سہولیات پنڈ دادنخان میں صبح کے اوقات کے ساتھ ساتھ شام 3 بجے سے رات 9 بجے تک بھی دستیاب ہوں گی، جس سے شہریوں کو ڈاک اور دیگر پوسٹل امور میں نمایاں سہولت حاصل ہو گی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ نائٹ پوسٹ آفس سروس کا اجرا عوامی ضرورت کے عین مطابق اقدام ہے، جس سے ملازمت پیشہ افراد اور کاروباری طبقہ خاص طور پر مستفید ہو سکے گا۔
شہریوں نے اس سہولت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پوسٹل سروسز کو مزید بہتر اور جدید بنایا جائے گا۔


