جدہ: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب ملک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سے مزید ہنر مند افراد کو سعودی عرب میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ملازمتیں دلوائی جائیں۔
جدہ قونصلیٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کا کہنا تھا کہ ان کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہیومین ریسورس کمپنیوں سمیت دیگر اہم کمپنیوں سے معاہدے طے پائے ہیں جن کی بدولت پاکستان سے مزید ہنر مند افراد سعودی عرب میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ملازمتیں حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہر سال پانچ لاکھ کے قریب پاکستانی سعودی عرب آتے ہیں جو یہاں جاری ترقیاتی منصوبوں میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے پنجاب اور اسلام آباد میں ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ دیگر صوبوں کے لیے بھی جلد قائم کر دئیے جائیں گے۔
بعد ازاں معاون خصوصی نے کمیونٹی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے عمرہ کی آڑ میں بعض لوگ گدا گری کے لئے آ جاتے ہیں جو ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں انکی روک تھام کے لئے ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر خصوصی انتظام کئے گئے ہیں جبکہ اس میں ملوث ایجنٹ کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، دوسری طرف اورسیز پاکستانیوں کی جائدادوں کے معاملے کا بھی فوری تدارک کے لئے کام کیا جا رہا ہے جسکے جلد نتائج نکلیں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ یہاں مقیم پاکستانی بھی یہاں پاکستان سے افرادی قوت لانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔